اسلام آباد(بیورورپورٹ)عمران خان الیکشن کی دوڑ سے آﺅٹ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست خارج کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر9صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا۔
فیصلے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات ختم ہو گئے،عدالت نے فیصلے میں کہا قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی سزا معطل ہوسکتی ہے فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ نے واضح کیا سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل کیخلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا کو منظور نہیں کیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دئیے معاملے پر اٹارنی جنرل کو سننا چاہتے ہیں، عدالت نے سائفر کیس ٹرائل مکمل کرنے کےلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 4 ہفتوں کی ڈیڈ لائن پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 4ہفتوں کا وقت تو عام سے کیسز میں بھی نہیں دیتے۔
پٹیشنر کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا پراسیکیویشن کی درخواست پر عدالت نے ٹرائل ان کیمرہ کرنے کا فیصلہ سنایا اور فیصلے میں لکھا سائفر کیس کی کوریج پر پابندی ہوگی کیونکہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ سے دوست ممالک کیساتھ تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے، میڈیا ،سوشل میڈیا پر بھی سائفر کیس کی کارروائی پبلش کرنے پر پابندی لگائی گئی ، ملزموں کے اہلخانہ کو ٹرائل میں بیٹھنے کی مشروط اجازت ہے لیکن پابند بنایا گیا عدالتی کارروائی پر بات نہیں کرسکتے۔
عدالت نے استفسار کیا اگر فرد جرم عائد ہوگئی تو یہ بھی نہیں بتا سکتے فرد جرم عائد ہو گئی؟ وکیل نے کہا بالکل نہیں،سلمان اکرم راجہ نے کہا پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا عمران خان کے عمل نے سائفر سکیورٹی کو متاثر کیا،الزام تو لگایا مگر کوئی وضاحت نہیں کی گئی سکیورٹی کیا تھی؟ متعلقہ حکام بتاتے ہیں سائفر کے کوڈز ہر کچھ ماہ تبدیل ہوتے رہتے ہیں، سلمان اکرم راجہ کے حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا پرعدالت نے کہا اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر رہے ہیں پہلے سن لیں لیتے ہیں، بعد میں سماعت ملتوی کر دی گئی۔
عمران الیکشن سے آﺅٹ،توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست خارج



















