نارووال( حسن نواز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)عظیم شوکت اعوان نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں تمام مذاہب کے پیروکاروں کے احترام کا درس دیتا ہے اور کرسمس کے موقع پر ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی امن پسند ہیں اور مساجد، امام بارگاہوں اور چرچز سے عوام کو محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہم سب کو چاہیے کہ اپنے اردگردنظر رکھیں تاکہ کوئی شرپسند عناصر فائدہ نہ اٹھا سکے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ضلعی بین المذہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیونے کہاکہ موجودہ حالات میں باہمی اتحاد سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ضلع نارووال میں پرامن حالات ہیں اورضلع کو امن کا گہوارہ رکھنے کے لئے تمام انتظامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں پیرمحمدتبسم بشیراویسی,سرداراندرجیت سنگھ,اے ایس راجہ ودیگرنمائندگان نے ایک ساتھ چلنے اور ملکر تمام مسائل حل کرنے کااعادہ کیااورکہا کہ مسیحی برادری کے تہوار پران کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائےگا اور کوئی مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نےکہاکہ اسلام امن کا دین ہے جو ہمیں محبت اور حقوق العباد کی ادائیگی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت کی طرف سے کرسمس کے موقع پر 20دسمبر تک تمام مسیحی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر دی جائے گی اور اس کے ساتھ انتظامیہ کی طرف سے شہرکے مین چرچزپر لائٹنگ بھی کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پرکرسمس کے حوالے سے کیک کاٹاگیااورملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔
اسلام تمام مذاہب کے پیروکاروں کے احترام کا درس دیتا ہے،عظیم شوکت اعوان



















