ملکی حالات میں بہتری کیلئے انکم ٹیکس ادا کرنا ہر شہری کا فرض ہے،ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس

رینالہ خورد(محمد عثمان جاوید )صدر سبزی و فروٹ منڈی رینالہ خورد رانا ظہیر احمد نے اپنے عہدیداروں کےساتھ ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس اوکاڑہ سائرہ خان سے ملاقات کی جس میں ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس نے کہا ملک میں ٹیکس کی افادیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا، حکومت معاشی حالات میں بہتری اور تاجروں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کےلئے مختلف اقدامات پر مبنی پالیسیوں پر عمل کررہی ہے اس لیے انکم ٹیکس ہر شہری کو ادا کرنا چاہیے تاکہ ملکی حالات بہتر ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس نے خصوصی طور پر تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ ٹیکس ادا کرکے ایک باوقار شہری ہونے کا ثبوت دیںجس پر صدر انجمن آڑھتیاں رانا ظہیر احمد نے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ جو تاجر ٹیکس ادا نہیں کرتے ان سے ہر صورت انکم ٹیکس ادا کرایا جائے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری آ سکے۔