ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر میں تعمیر کی گئی تمام نئی سڑکوں پر کرب سٹونز لگانے کے کام پر ورکرز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ کام کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد پور میں ڈسپوزل سٹیشن اور کنڈوٹ پر بھی کام کی رفتار تیز کی جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان، میونسپل آفیسر وقاص احمد، ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اڈہ فیس کی ریکوری میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن افسران کو ہدایت کی کہ اندرون و بیرون لاری اڈوں پر ریکوری کا عمل تیز کیا جائے اور صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد کو زیر تعمیر اوورہیڈ برج پر لائٹس لگانے کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
لاری اڈوں پر ریکوری کا عمل تیز کیا جائے : کمشنر ساہیوال



















