حجرہ شاہ مقیم (نامہ نگار)معاشرتی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت کا حامل ہے طلباءکو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور محنت کی جائے گی ان کے حقوق کے تحفظ کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نو تعینات ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رینالہ خورد ڈاکٹر عطاظہیر نے اپنی استقبالیہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب میں پنجاب ٹیچرز یونین اوکاڑہ کے راہنما فرخ اقبال ضلعی چیئرمین، اصغر بھٹی سرپرست اعلیٰ، رانا مشتاق احمد صدر تحصیل رینالہ، چوہدری جاوید اقبال جنرل سیکرٹری تحصیل رینالہ، چودھری فیصل خالد سینئر نائب صدر، چودھری سعید جمال گجر چیئرمین، میاں لیاقت علی نیر صدر ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ایلیمنٹری سکولز تحصیل رینالہ خورد، ماہر تعلیم میاں گلزار بھٹی، اسرار احمد سینئر ہیڈ ماسٹر و دیگر اساتذہ اور معززین شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
حاضرین نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا منصب سنبھالنے پر ڈاکٹر عطاظہیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ معیار تعلیم بلند کرتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
ڈاکٹر عطاظہیر نے کہا کہ وہ تحصیل رینالہ خورد کے تمام غیر داخل شدہ طلباءکو سکول میں لائیں گے اور زیور تعلیم سے اراستہ کرنے کے لیے بھرپور محنت کی جائے گی انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباءکی تعلیم و تربیت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں اور ہر طالب علم کو مفید شہری بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
معاشرتی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی ہے، ڈاکٹر عطاظہیر



















