لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔91 روز میں 34075ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 91 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 15769ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور 33688 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے32500درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک 56,446,324 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2,202,844,044 ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 311کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،311بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے165درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ15ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں3 زرعی،11 کمرشل،1انڈسٹریل اور 296 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے انکو324,314 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت13,005,348 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءایس ڈی او اعوان ٹاﺅن بلال سلیم نے اپنے سٹاف کے ہمراہ مصطفی پارک کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس دوران ایک آٹا چکی کو بجلی چوری کرتے پکڑا ۔ایس ڈی او بلال سلیم کے مطابق ملزم میٹر کو ٹمپرڈ کر کے بجلی چوری کر رہا تھا موقع پر کنکشن منقطع کر دیا گیا اور ملزم کیخلاف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانہ میں رجسٹرڈ کروا کر گرفتار کروا دیا گیا ہے۔محکمہ کی جانب سے ملزم کو700,000روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔دوسری طرف لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے محمد اصغر کی زیرِنگرانی بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ نادہندگان سے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔86 روز سے جاری مہم کے دوران50231 ڈیفالٹرز سے ایک ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،91 روز میں 2ارب 20 کروڑ سے زائد کی ریکوری



















