ٹراماسنٹر آنے والے مریضوں کو دستیاب تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں،سند س ارشاد

حافظ آباد (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سند س ارشاد نے ٹراماسنٹر اور گورنمنٹ ڈبل سیکشن گرلز ہائی سکول کاد ور ہ کیا۔ ٹراماسنٹر کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمر جنسی،ایکسرے روم، فارمیسی سمیت مختلف حصوں کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو علاج معالجہ کی دستیاب سہولیات، مفت ادویات کی فراہمی،صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ایم ایس ڈاکٹر شکیل احمد شاہد،انچارج ٹراماسنٹر ڈاکٹر شہزاد احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس،ایکسئین بلڈنگ اور دیگر افسرا ن بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹراماسنٹر میں علاج معالجہ کے لیے آنے والے مریضوں سے مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی بارے فیڈ بیک بھی لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شعبہ ایمر جنسی، اور ایکسرے روم میں مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے انچارج ٹراماسنٹر اور دیگر ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ ٹراماسنٹر آنے والے مریضوں کو دستیاب تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں اور انکے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر شکیل احمد شاہد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ٹراماسنٹر کی ضروری تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ڈبل سیکشن گرلز ہائی سکول کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹیچر ز او ر دیگر سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاسوں میں جا کر درس و تدریس کے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے طالبات سے انکے کلاس ورک بارے سوالات بھی کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول لائبریر ی،سٹاف روم، واش روم اور سکول کی مجموعی صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ تمام واش رومز میں صابن کا انتظام کیا جائے اور جو کلاسیں باہر برامدے میں بیٹھی ہیں انہیں بھی دیگر کمروں اور ہال میں بٹھانے کا بند و بست کیا جائے۔ا س موقع پر سکول پرنسپل میڈم شاہدہ شمشاد نے ڈپٹی کمشنر کو سکول کی مجموعی تعلیمی صورتحال اور دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔