معذور افراد امداد اور محبت کے مستحق ہوتے ہیں،چودھری اکرام

چیچہ وطنی(تحصیل رپورٹر، نمائندہ خصوصی )گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹر چیچہ وطنی کے زیر اہتمام معذورافراد کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب ٹی ایم اے ہال چیچہ وطنی میں منعقد ہوئی جس میں سی ای او ایجوکیشن چودھری اکرام، ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن ساہیول شہباز علی ،صدر ایس ایم سی رانا خالد محمو د ،سی ای او آٹزم سینٹر ساہیوال میڈم سدرہ ،آر جے الطاف سومرو،بشیر احمد ربانی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹرچیچہ وطنی ڈاکٹر عبدالکریم اور سٹاف نے آنے والے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا،تقریب میں سپیشل بچوں نے تقاریر اور ٹیبلو پیش کئے جسے حاضرین تقریب نے خوب سراہا۔

مہمان خصوصی سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذوری کیا ہے؟ معذوری بددعا نہیں بلکہ قدرت کی تخلیق ہے، اور اگر یہ کہا جائے کہ ایسے افراد کی خدمت سارے انسانیت کی خدمت ہے تو بالکل بھی غلط نہ ہوگا، بے شک معذور افراد امداد اور محبت کے مستحق ہوتے ہیں، لیکن ہمیں یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ جس طرح سماج میں صحتمند انسان کو جینے کا پورا حق ہے، اسی طرح معذور کو بھی پورا حق دیا گیا ہے، عام انسان کو چاہیئے کہ سماج کے کسی بھی انسان کو نیچے گر کر نہ دیکھیں۔ معذورین کے اندر قدرتی طور پر کافی صلاحیتیں ہوتی ہیں، جسم کا اگر کوئی حصہ ناکارہ ہوجاتا ہے تو قدرت معذورین کی دوسرے طریقے سے مدد کرتی ہے، خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ اور ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، ہماری تھوڑی سی توجہ خصوصی افراد کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر سکتی ہے اور انہیں معاشرے کے کارآمد شہری بناسکتی ہے،خصوصی افراد کا خیال رکھنا ہماری معاشرتی ذمہ داری اور اخلاقی فریضہ ہے، لہٰذا ہر اعتبار سے صحت مند افراد کا فرض بنتا ہے کہ وہ خصوصی بچوں اور بڑوں کا ہر ممکن طور پر خیال کریں اور انہیں معاشرے کا ایک اہم اور کارآمد حصّہ بننے میں مدد فراہم کریں ۔

تقریب میںصدر ایس ایم سی رانا خالد محمو داورہیڈ ماسٹر گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹرچیچہ وطنی ڈاکٹر عبدالکریم نے سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام سمیت دیگر مہمانوں کو شیلڈ پیش کیں جبکہ صحافیوں اور تاجروں نے بہترین تقاریر اور ٹیبلو پیش کرنے پر سپیشل بچوں کو میڈل پہنچائے،سپیشل بچوں کے والدین، سول سوسائٹی، صحافیوں ، تاجروں سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔