سرگودہا (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سماجی کارکنوں کے عالمی دن پر سرگودھا پریس کلب میں عبدالوحید انجم ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد،تقریب میں ضلعی افسران،سماجی کارکنوں صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت۔سماجی کارکنوں اور صحافیوں کو اعلی کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا
تقریب میں ضلع بھر کی این جی اوز کے نمائندوں،سماجی کارکنوں،صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اعلی کارکردگی پر سماجی کارکنوں اور صحافیوں کو عبدالوحید انجم ایوارڈدیاگیا۔
خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد عمر فاروق نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے خدا کے منتخب شدہ افراد ہوتے ہیں جو سماجی ناہمواریوں کا شکار طبقات میں جینے کی امنگ اور امید کی کرن پیدا کرتے ہیں۔ضلع بھر کی سماجی تنظیموں کے نمائندوں کو ایک جگہ دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میڈم شاکرہ نورین،ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر زیبا عندلیب،چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کونسل عبدالمنان چوہدری ، پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، سابق صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری،چیئرمین یونین آف جرنلسٹ عبدالصمد شاہین،ثاقب الماس،طارق قاسمی،یونیورسٹی آف سرگودھا سے اسسٹنٹ پروفیسرزشہزادخاور اور زین العابدین ،شفیق ڈوگر اور دیگر نے کہا کہ ستارہ سماج،گولڈ میڈلسٹ عبدالوحید انجم مرحوم جیسے انسانیت دوست سماجی کارکن اور صحافی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کو دکھی انسانیت اور سماجی ترقی کے لیے وقف کردیتے ہیں۔
عبدالوحید انجم مرحوم نے 1970 میں جس سماجی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی وہ آج بھی پوری آب و تاب سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے سماجی کارکنوں کا دن دراصل تمام سماجی کارکنوں کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے جو مختلف شعبہ جات میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کر کے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔سماجی کارکن اور حکومتی ادارے مل کر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں سماجی انقلاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔سماجی تنظیمیں حکومت کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرتی ہیں جن کے بغیر تمام محروم طبقات تک صرف حکومت کا پہنچنا ممکن نہیں۔
سرگودھا پریس کلب میں عبدالوحید انجم ایوارڈ کی تقریب



















