فیصل آباد(اشفاق مغل)ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 61 ج۔ ب کی اراضی پر دو غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی جو کہ ممنوعہ زون میں تجویز کی جا رہی تھیں۔
ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کی تو چک نمبر 61 ج ب کی اراضی کے ممنوعہ زون میں میثاق سٹی اور پیسفک سٹی کے نام سے دو غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرکے موقع پر موجود غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا اور وہاں عارضی دفاتر کو سیل کر کے ڈویلپرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزی پر قصوروار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جا سکتے ہیں۔
انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور سرمایہ کاری کرنے سے قبل کسی بھی ہاوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کو ضرور چیک کرلیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فیصل آباد:ایف ڈی اے کاغیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کیخلا ف آپریشن



















