ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں معیاری اشیاءکی فروخت یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے جس میں کنزومر پروٹیکشن کونسل کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ خریدی گئی اشیائے صرف کی کوالٹی بارے شکایات اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو کریں تاکہ کوالٹی بارے شکایت کا فوری مداوا ہو سکے۔ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ایکٹ کے تحت ڈپٹی کمشنرز غیرمعیاری اشیاءکی فروخت پر دوکانداروں کو50ہزار روپے تک جرمانہ عائد کر سکتے ہیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں کونسل کی کارکردگی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز اوکاڑہ اور پاک پتن ڈاکٹر ذیشان حنیف اور سعدیہ مہر، اے ڈی سی جنرل ساہیوال سید عثمان منیر بخاری، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) شاہد شبیر نے بھی شرکت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو اپنے حقوق سے آگہی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے جس کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال بھی کیا جائے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل شاہد شبیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اشیاءکی خریداری کے وقت رسید ضرور حاصل کریں جس پر دوکاندار کا نام، تاریخ خریداری، خریدی گئی اشیاءکی تفصیل اور قیمت ضرور درج ہو تاکہ غیرمعیاری اشیاءکی صورت میں متعلقہ دوکاندار کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے۔ دریں اثناءپسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ کے تمام چوراہوں کی ری ماڈلنگ کا کام 10دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا جبکہ فرید ٹا¶ن روڈ کی کارپٹنگ کا جاری کام آج مکمل ہو جائے گا۔ یہ یقین دہانی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کرائی گئی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ چوراہوں کی ری ماڈلنگ کے کام کے دوران معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی کے لئے پہلے پائپ ڈالے جائیں تاکہ بعد میں مشکل پیش نہ آئے۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ طارق بن زیاد کالونی کی سڑک کی مرمت بھی تیزی سے جاری ہے جو آج مکمل ہو جائے گی۔ کمشنر نے بھٹہ چوک کی لیولنگ اور اس کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔
صارفین کے حقوق کا تحفظ ضروری، آگہی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے :کمشنر ساہیوال



















