لاہور (خبرنگار) چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر انسداد بجلی چوری مہم کے دوران لیسکو افسران و اہلکاروں کیخلاف بھی سخت کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ 78 روزہ مہم کے دوران 87 اہلکاروں کیخلاف مختلف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی قیادت میں ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے جس میں شہریوں کے ساتھ ساتھ لیسکو عملے کیخلاف خصوصی طور پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ 78 روز سے جاری مہم کے دوران اب تک 87 اہلکاروں بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں 7 لائن سپرنٹنڈنٹ، 8 ایم ایس، 52 میٹر ریڈر، 8 لائن مین،1 ایل ایم ایف، 9 اسسٹنٹ لائن مین، 1 لاری ڈرائیور اور ایک نائب قاصد شامل ہیں۔ تحقیقات کے دوران جرم ثابت ہونے پر 6 اہلکاروں کی ترقی روک دی گئی، 21کی تنزلی کی گئی، 3 کو جبری طور پر ریٹائرڈ کیا گیا، 20 کو نوکری سے بر طرف کردیا گیا جبکہ دیگر کے خلاف تاحال تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث لیسکو اہلکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ اس طرح کے عناصر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کیلئے ساتھ ادارے کیلئے بدنامی کا بھی باعث بنتے ہیں لہٰذا کو اہلکاربجلی چوری میں ملوث پایا گیا اسے دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائیگا۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران333 بجلی چور پکڑے گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشن میں 19 کمرشل،3زرعی،2انڈسٹریل اور309 ڈومیسٹک تھے،تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو 3لاکھ 98ہزار910یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ64لاکھ 59ہزار 401روپے بنتی ہے۔ترجمان کے مطابق78 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل30350 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، اب تک13322ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان لیسکو29979کنکشنوںکیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 5کروڑ 27لاکھ 72ہزار 664یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ار ب 11کروڑ 18لاکھ 46ہزار 463روپے بنتی ہے۔ دوسری طرف لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی شاہ پور سب ڈویژن نے شادیوال گاﺅں میں بجلی چورں کے خلاف سرچ آپریشن میں10گھروں میں براہ راست سپلائی سے بجلی چوری پکڑ لی ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ڈی او عمران حیدرکے مطابق گلی میں کل14گھر تھے جن میں سے 4گھروں کے میٹر لگے تھے جبکہ باقی گھرلیسکوکی ایل ٹی لائن سے براہ راست تار لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔ترجمان کے مطابق تمام کنکشنزمنقطع کرکے ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔جبکہ ملزما ن کو 910,000روپے ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔
انسداد بجلی چوری مہم جاری، ملوث اہلکاروں کو بھی نشان عبرت بنایا جائیگا: چیف ایگزیکٹو لیسکو



















