بہاولپور :حکومتی بے حسی کے باعث کپاس کے کاشتکار زندہ درگور

بہاولپور(قاسم بھٹی)حکومتی بے حسی کے باعث کپاس کے کاشتکار زندہ درگورہوگئے۔8500 روپے فی من کپاس خریداری کاوعدہ کرکے کپاس کی فصل کاشت کرائی گئی اب کوئی خریدار نہیں گندم کی فصل کاشت کرنے میں شدید مشکلات کاسامنا کھادوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیداوار متاثر ہونے کاخدشہ پیدا ہوگیا۔

حکومت نے ملک بھرمیں زیادہ کپاس اگانے کی مہم شروع کرکے گزشتہ سالوں کی نسبت20 سے25 فیصداضافی رقبہ پرکپاس کی کاشت میں اضافہ کیاتھااورکاشتکاروں سے وعدہ کیاگیاتھاکہ ان سے کپاس کی خریداری8500 روپے فی من میں کی جائیگی اگرنرخ کم ہوئے توٹی سی پی کپاس کی خریداری کریگی ۔اب کاشتکاروں کے پاس کپاس موجود ہے لیکن خریدارکوئی نہیں ۔

متاثرہ کاشتکاروں ملک اعجاز ارائیں،محمدنواز بوہڑ، شوکت علی باجوہ، محمدامین انصاری، عارف خان نمبردار سعیداختر چوہدری محمداسحاق اوردیگرنے بتایاکہ کپاس کی فصل کایہ واحدسال ہے جس میں کپاس کے بہترنرخ ملناتو درکنارکوئی خریدار ہی نہیں ہے کاشتکاروں کے پاس مزید سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل بھی لیٹ ہورہی ہے کھادیں خریدکرنے کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں ہے اگربروقت گندم کوکھادیں نہ ڈالی گئیں توگندم کی پیداوار بھی متاثرہوگی جس سے غذائی بحران پیداہوسکتاہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ اگرحکومت نے کپاس کی خریداری کے سلسلہ میں دلچسپی نہ لی توآئندہ وہ کپاس کی فصل کامکمل بائیکاٹ کردیں گے۔