لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ 76 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل 29244 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 13219 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، مجموعی طور28883 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 27877 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ بجلی چوروں کو اب تک 51678581 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2070720552 ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ علاوہ ازیںچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ڈائریکٹر کسٹمرسروسز انجینئر رائے اصغر، چیف انجینئر میٹریل مینجمنٹ رمضان بٹ ، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفراقبال ، چیف انجینئر آپریشنز سرور مغل، چیف انجینئر پی ایم یو طاہر میو ، چیف انجینئر پی اینڈ ڈی محمد عمران ، ڈائریکٹر ایم اینڈ ٹی محمد وسیم اور رشید خان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو کی جانب سے تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد بجلی چوری مہم کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ کچھ ملزمان میٹر کی سکیورٹی بریچ کرکے بجلی چوری کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ میٹر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام لازمی اقدامات کیے جائیں اور انسداد بجلی چوری مہم کے دوران میٹروں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ میٹر کی سکیورٹی بریچ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروئی کی جائے اور اگر اس عمل میں کوئی لیسکو اہلکار ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ دوسری طرف چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ نادہندگان سے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں 71 روز سے جاری مہم کے دوران42874 ڈیفالٹرز سے1ارب33کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئرشاہد حیدر کی ہدایت پر نادہندہ سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر کسٹمز سروسز انجینئر رائے اصغر نے کی ۔ اجلاس میں انجینئر رائے محمد اصغر کے علاوہ تمام سرکلز کے ڈپٹی کمرشل منیجرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ دوران اجلاس نادہندہ سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انجینئر رائے اصغر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی کا عمل تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی لیسکو افسران نادہندہ سرکاری اداروں کے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے واجبات کی وصولی کے معاملات طے کریں ۔
انسداد بجلی چوری مہم، گرفتار ملزمان کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز ،نادہندگان سے بھی وصولیاں جاری



















