قصور (مہر حسن حسین) تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ میں کائیٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ۔پتنگ بازوں سمیت پتنگوں اور کیمیکل ڈور کا کاروبار عروج پر جبکہ پولیس کارروائی کرنے سے قاصر۔ شہریوں نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لے کر تھانہ اے ڈویژن قصور کے علاقہ میں کائیٹ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔
تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ میں کائیٹ ایکٹ کی خلاف ورزی عرصہ دراز سے جاری ہے جبکہ ایس ایچ او آصف جاوید خاں”نامعلوم وجوہات“ کی بناءپردیگر جرائم کی طرح پتنگ بازوں اور گڈی ڈور کاکاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔تھانہ اے ڈویژن کے مختلف علاقوں ریلوے روڈ، گندم منڈی، لنڈا بازار، اردو بازار، ریلوے اسٹیشن،دوسہرہ گراﺅنڈ، محلہ حاجی شاہ شریف، چھپڑ کنڈا، کوٹ رکن دین خان، کوٹ عثمان خان، پرانا لاری اڈا، شہباز خان روڈ، کوٹ فتح دین خان،کوٹ بدر دین خان، موری گیٹ،بلدیہ چوک اور دیگر مقامات پر آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے ڈھکا رہتا ہے مگر یہ مناظر تھانہ اے ڈویژن پولیس کے ایس ایچ او آصف جاوید خاں کی نظروں سے اوجھل رہتے ہیں ،شہریوں کی جانب سے شکایات اورعوامی اخبارات میں خبروں کی اشاعت کو بھی موصوف خاطر میں نہیں لاتے۔ حالانکہ اس سے قبل کیمیکل لگی ڈور سے پتنگ بازی کے باعث کئی حادثات میں رونما ہو چکے ہیں مگر تھانہ اے ڈویژن پولیس پتنگ بازوں اور پتنگ و ڈور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تھانہ اے ڈویژن پولیس کے ایس ایچ او کی نااہلی کے باعث شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہیں اور ہر وقت کیمیکل لگی ڈور پھرنے کا دھڑکا لگا رہتا ہے ۔ آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور فوری نوٹس لیںاور کائیٹ ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔
قصور: پتنگ سازی اور کیمیکل ڈور کا کاروبار عروج پر، پولیس کارروائی سے گریزاں



















