لاہور ( خبر نگار ) تاریخی اعتبار سے اہم اور حساس ترین جانا جانے والا مال روڈ داتا گنج بخش زون کی ناقص حکمت عملی کے ذریعے بری طرح تجاوزات کی لپیٹ میں ہے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کے نااہل افسروں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کے تجاوزات فری لاہور مشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے مفاداتی گٹھ جوڑ کر لیا، اہم شاہراہوں پر لگائے گئے انسداد تجاوزات کیمپ ڈی سی اور کمشنر کو گمراہ کرنے کی سازش کا پیش خیمہ بن گئے۔ داتاگنج بخش زون کی حدود میں واقع ہال روڈمیں تجاوزات کی بھرمار نے مال روڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید مسائل کا شکار ہو چکی ہے، تجاوزات فری لاہور کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ مرکزی شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریفک کی روانی کے مسائل کا خاتمہ کیا جاسکے لیکن تجاوزات کا خاتمہ تو ممکن نہ ہوسکا البتہ تجاوزات کے ذریعے اکٹھی ہونیوالی ناجائز آمدن کے حصے بڑھ گئے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ زونل افسر داتا گنج بخش کو صرف ہال روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن نہ کرنے کے بدلے میں 7 لاکھ روپے سے زائد کی رشوت اکٹھی ہوتی ہے۔ اسکے علاوہ مال روڈ، انارکلی، اردوبازار، مچھلی منڈی،لکشمی، عابد مارکیٹ اور ٹیمپل روڈ پر تجاوزات سے اکٹھی ہونے والی رشوت بھی بے حساب ہے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کاتجاوزات فری لاہور مشن خواب،مال روڈ سے گزرنا محال



















