ماحولیاتی آلودگی ہرگز برداشت نہیں، افسران سموگ پر کنٹرول کیلئے فیلڈ میں نکلیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سموگ پر قابو پانے کیلئے فیلڈ میں نکلیں اور دھواں پھیلانے والے بھٹہ خشت اور چاول کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کی آلودگی کسی صورت برداشت نہیں اسلئے ضروری ہے کہ آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ وہ اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 753000ایکڑ پر چاول کاشت ہوا جس میں سے99فی صد کٹائی مکمل ہو چکی ہے اسلئے ڈویژن میں چاول کی فصل کی باقیات جلانے کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہروں میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور تمام چیف افسران کو ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر میں صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار، سینٹری ورکرز کو وقت کی پابندی کرنے اور ہر سڑک اور گلی کی مکمل صفائی کرنے کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن کے صفائی کے کام کو تیز کرنے اور ایک ہفتے میں تمام صفائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مڈھالی روڈ پر ٹریفک کی بحالی ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صفائی کے دوران سیوریج لائنوں سے اینٹیں، سیمنٹ کے سلیب اور بڑے پتھر نکل رہے ہیں جو سیوریج کے پانی کی روانی میں بڑی رکاوٹ بن رہے تھے۔ کمشنر نے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی طرف سے جاری صفائی کے کام کو اتوار تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے بیرون و اندرون لاری اڈوں سے نومبر کے پہلے14دن میں 6لاکھ30ہزار روپے ریکور کئے جس میں سے ریلوے روڈ اڈے سے ایک لاکھ80ہزار روپے اور بیرون لاری اڈے سے4لاکھ50ہزار روپے شامل ہیں۔ کمشنر نے کارپوریشن کے عملے کی کوششوں کو سراہا اور چیف آفیسر اشفاق احمد کو ہدایت کی کہ ریکوری کا عمل تین شفٹوں میں جاری رکھا جائے اور بائی پاس سے گزرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے بھی ریکوری کی جائے۔