فصلوں کی باقیا ت جلانےوالے کاشتکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،ڈپٹی کمشنرحافظ آباد


حافظ آباد(قمر عباس )ڈپٹی کمشنرحافظ آبادسندس ارشاد نے کہا ہے کہ اسموگ کے باعث بننے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے والے کسانوں، زمینداروں اور کاشتکاروں کے خلاف سخت کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور بالخصوص موٹروے کے قریبی علاقوں میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی کاشتکار فصلوں کی باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائے۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے افسران نے انسداد سموک کاروائیوں کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں،زمینداروں کو اب تک مجموعی طور پر 27 لاکھ روپے جرمانہ کیا جبکہ 6 کاشتکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جا چکے ہیں، تاہم تمام افسران سموک کی روک تھام اور اس سے بچاو¿ کے لیے اپنی کاروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف محکموں کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد منور حسین، اے سی پنڈی بھٹیاں راشد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نوید احمد، زراعت آفیسر فراز حسین، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اینڈ کوارڈنیشن اشفاق رسول سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ ان کی ٹیمیں فیلڈ میں رہتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ کوئی زمیندار اپنی فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ بھٹہ جات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ کوئی بھی بھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر نہ چلے۔اجلاس میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں کی جائیں۔