فیصل آباد(اشفاق مغل)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نوجوانوں کے لئے ایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے نہ صرف الگ وطن کا خواب دیکھا بلکہ اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں اتحاد کا جذبہ بیدار کیا اور انقلابی روح پھونکی ۔انہوں نے یہ بات جھنگ روڈ پر اتھلیٹکس ٹریک میں سپیشل بچوں کے سالانہ سپورٹس میلہ میں بطورمہمان خصوصی شرکت اوراتھلیٹکس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمن،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن خالدہ پروین،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیروٹو،محمد صادق،اساتذہ اور سپیشل بچے بڑی تعداد میں موجود تھے۔سالانہ سپورٹس میلہ میں خصوصی تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے مختلف پیمائش کی دوڑ ، لانگ جمپ سمیت دیگر اتھلیٹکس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سپیشل بچوں نے سپورٹس میلہ میں سپیشل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ ان میں کسی بھی لمحہ احساس محرومی نہ ہو۔انہوں نے بچوں کی اس سطح پر تربیت کرنے والے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ علامہ محمد اقبال نے بھی بچوں کو شاہین کہا ہے جو کبھی تھک کر نہیں بیٹھتا بلکہ منزل کے حصول کے لئے جستجو میں مگن رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن عہد کریں کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کے کام کریں گے،آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن نے سپورٹس میلہ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی سپیشل ایجوکیشن کے زیراہتمام ڈویژن بھر کے اداروں کے طالب علموں کے مابین مختلف ورائٹی کے پروگرامز منعقد کرائے گئے۔
اقبال ؒ نے اپنی شاعری سے نوجوانوں میں انقلابی روح پھونکی،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد



















