کامونکے( ندیم گجر )میونسپل کمیٹی کامونکے تحصیل کے عملہ کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر وںکی نذر ہوگیا۔ گٹروں کی بندش نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا۔کئی دنوں سے گندہ پانی مکانوں کے سامنے کھڑا ہے جس سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے۔
علاقہ مکین انتہائی دشواری میں ہیں یہاں گٹر بند رہنے سے صورتحال اکثر خراب رہتی ہے 'بار بار شکایات کے باوجود گٹروں کو کھولنے میں تاخیر برتی جاتی ہے۔ میونسپل کمیٹی کامونکے کی سی او صوفیہ عاشق کی ناقص حکمت عملی اور اس کے عملے کی لاپرواہی اور غفلت نے حکومت کی کلین اینڈ گرین مہم کی دھجیاں اڑا دیں۔ سٹرکوں،بازاروں اور گلیوں میں جگہ جگہ لگے کوڑے کے ڈھیر شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے۔
کوڑا کرکٹ کے لگے انبار سے اٹھنے والے تعفن کے باعث شہریوں میں بیماریاں پھیلنے لگیں، گلیوں اور بازاروں کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے سے شہریوں کا گزرنا بھی محال ہوچکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ با ر بار افسروں کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ انتظامیہ سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔
کامونکے شہر گندگی کے ڈھیروں کی نذر



















