الہ آباد:بھٹہ اور فیکٹری مالکان نے انسداد سموگ مہم کی دھجیاں اڑا دیں

الہ آباد (عنصر جاوید) محکمہ ماحولیات کی ملی بھگت یا مبینہ خاموشی بھٹہ اور فیکٹریوں کے مالکان نے انسداد سموگ مہم کی دھجیاں اڑا دیں، شہری سموگ کے باعث آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، مسافروں اور راہگیروں کو آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا، شہریوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈی جی انویرمنٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

الہ آباد، چونیاں روڑ،دیپالپور روڑ قصور روڑ اور دیگر علاقوں میں انسداد سموگ مہم ناکام ہو چکی ہے بھٹوں،رائس ملوں اور دیگر فیکٹریوں سے اٹھنے والے دھویں کے باعث سموگ کی شدت اور فضائی آلودگی میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے دوسری جانب پابندی کے باوجود الہ آباد چونیاں روڈ گاو¿ں نور پور کے قریب نجی رائس ملز کے مالک نے چمنیوں کا روخ مین روڈ کی جانب کیا ہے چمنیوں سے نکلنے والے گرد و غبار سے مسافروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ زمینداروں کی جانب سے دھان کی فصل کی باقیات کو آگ لگانے کا سلسلہ بھی عروج پر ہے شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔

محکمہ ماحولیات کا عملہ نے مبینہ طور پر فیکٹریز اور بھٹہ مالکان سے گٹھ جوڑ کر کے خاموشی اختیار کر رکھی ہے صرف مال نا دینے والوں کے خلاف فرضی کاروائیاں کی جاتی ہیں مقامی شہریوں اور راہگیروں نے نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی اور ڈی جی انویرمنٹ سے فوری نوٹس لینے اور سموگ کی روک تھام کے لئیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انسپکٹر ماحولیات وقاص احمد نے موقف میں کہا کہ رائس ملز مالکان کو نوٹس جاری کئے ہوئے ہیں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف جلد کارروائی ہو گی۔