گوجرانوالہ:محلہ چاہ چوہان والا کا سیوریج سسٹم تباہ، پانی گھروں میں داخل

گوجرانوالہ (توصیف احمد)میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی ناقص کارکردگی کے باعث یونین کونسل 44کے علاقہ محلہ چاہ چوہان والا گلہ حاجی عبد العزیز میں گٹروں کی بندش نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا۔

کئی دنوں سے گندہ پانی مکانوں کے سامنے کھڑا ہے جس سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے‘ علاقہ مکین انتہائی دشواری میں ہیں یہاں گٹر بند رہنے سے صورتحال اکثر خراب رہتی ہے ‘بار بار شکایات کے باوجود گٹروں کو کھولنے میں تاخیر برتی جاتی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے عملے کی لاپرواہی اور غفلت نے حکومت کی کلین اینڈ گرین مہم کی دھجیاں اڑا دیں۔ سٹرکوں،بازاروں اور گلیوں میں جگہ جگہ لگے کوڑے کے ڈھیر شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے۔ کوڑا کرکٹ کے لگے انبار سے اٹھنے والے تعفن کے باعث شہریوں میں بیماریاں پھیلنے لگیں، گلیوں اور بازاروں کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے سے شہریوں کا گزرنا بھی محال ہوچکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ با ر بار افسروں کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ انتظامیہ سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔