وزیرآباد شہراورگردونواح میں تجاوزات کی بھرمار، ٹریفک کاجام رہنا معمول

وزیرآباد(مہر عاطف یاسین )وزیرآباد شہراورگردونواح میں تجاوزات کی بھرمار، مین بازار بکر گلہ،لاہوری دروازہ میں ہر وقت تجاوزات سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔ مین بازار میں دوکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے بھاری رقوم کے عوض تجاوزات بنوارکھی ہیں جس کی وجہ سے عورتوں،بچوں اوربزرگ افرادکوخریدوفروخت میں سخت دشواری کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔لیکن مقامی انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے اورعوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔پرانی کچہری کے متروک شدہ وکلاءچیمبرز کو مسلسل خودساختہ کمرشل مارکیٹ میں تبدیل کیا جارہا ہے جبکہ چیمبرز کے باہر غیر قانونی فروٹ منڈی لگوادی گئی ہے۔ سیالکوٹ روڈاوراوورہیڈبرج کے قریب گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہونے سے ٹریفک کانظام درہم برہم رہتا ہے۔لاہوری دروازہ چوک میں اور ڈسٹرکٹ ہسپتال کے گیٹ کے آگے چنگ رکشہ والوں نے غیر قانونی رکشہ اسٹیند بنارکھا ہے جس کی وجہ سے ایمبولینسز کو مریضوں کو ہسپتال پہنچانے اور گوجرانوالہ،لاہور شفٹ کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور راستہ نہ ملنے پر مریض کو جان سے بھی ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔تاجر برادری اور شہریوں نے ڈی سی گوجرانوالہ، اے سی وزیرآباد محمد سلیم آسی، چیف آفیسر بلدیہ سے تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل اورصحت وصفائی کے انتظام وانصرام کوبہتربنانے کامطالبہ کیا ہے۔