لاہور میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند کرنے کا حکم

لاہور(اپنے رپورٹر سے + خبرنگار)لاہور میں وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے سموگ کا سبب بننے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بندکرنےکا حکم دیدیا، سموگ سے نمٹنے کیلئے وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے فیلڈ سٹاف کو متحرک رہنے اور سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا ہے سموگ کا سبب بننے والی ٹرانسپورٹ سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، گزشتہ 2 ماہ میں 8 ہزار 348 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہ ہونے والی 4 ہزار 682 گاڑیوں کیخلاف بھی ایکشن لیا ہے،ابراہیم مراد نے کہا ہے گزشتہ 2 ماہ میں آلودگی پیدا کرنے والی1ہزار 511 ٹرانسپورٹ بند کی گئی ہیں۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت ایک پھر سموگ کے خطرات منڈلانے لگے، فضائی آلودگی کے لحاظ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کے بادل چھاگئے اور شہرکے بیشترعلاقوں میں ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح 300سے تجاوز کرگئی۔فضائی آلودگی کے لحاظ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیدیا گیا ۔ لاہور کی مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح 290 تک جا پہنچی ہے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے انسداد اسموگ سیل قائم کردیا اور انسداد اسموگ اقدامات کیلئے 15 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیتے ہوئے اےسی ایچ آرفوکل پرسن مقررکردیا ہے۔ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ انسداد سموگ سیل سپیشل سکواڈکی کارروائیوں کی نگرانی بھی کرےگا اور سیل ضلع بھر کو سموگ فری بنانے کیلئے کارروائیوں کادائرہ کاروسیع کرےگا۔رافعہ حیدر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات،کوڑا جلانےوالوں کیخلاف مقدمات درج کرائی جائیں گے اور زیادہ دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کوموقع پربندکردیاجائےگا ساتھ ہی فیکٹریوں،زگ زیگ پالیسی پرعمل نہ کرنیوالے بھٹہ مالکان کیخلاف زیروٹالرنس ہوگا۔