غزہ پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشتگردی ہے:علامہ عبدالقوی

فیصل آباد (بیورورپورٹ) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشتگردی ہے، آج فلسطین پر آگ برس رہی ہے، مگر افسوس مسلم حکمران امریکی غلامی اور بے حسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری قابل مذمت ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو اس ظلم اور جارحیت سے روکے، اقوام عالم کو اس صورت حال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر علامہ عبدالقوی بغدادی نے النبراس انٹرنیشنل اور انجمن تاجران نوشاہی چوک کے زیراہتمام اسرائیلی مظالم کیخلاف ”فلسطینی یکجہتی القدس ریلی“ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی کی قیادت تاجر لیڈر خواجہ شاہد رزاق سکا‘ شیخ سعید‘ رانا اشفاق بابر‘ میاں ابوبکر‘ رانا عبداللہ‘ مہر محمد نعیم‘ سہیل نیاز طور‘ ملک عاصم ودیگر نے کی۔ ریلی نوشاہی چوک ناظم آباد سے شروع ہوئی اور مختلف چوکوں سے ہوتی ہوئی نوشاہی چوک ناظم آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔