اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان ہتھیانے کی کوشش کی تو قوم قبول نہیں کرے گی،الیکشن کمیشن انتخابی نشان پر 3 اگست کے زبانی اعلان کا تحریری فیصلہ جاری کرے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہابلے کا نشان وفاق کی وحدت، تقویت اور مضبوطی کی علامت ہے، سب سے بڑی سیاسی قوت کے بغیر صاف شفاف انتخاب کا تصور بے معنی ہے، پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر رکھنے کی سوچ دستور کی سیاسی ترتیب پر حملے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا9 جون 2022 کے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن درست قبول کرچکا، تحریری فیصلے میں تاخیر پی ٹی آئی کو غیر یقینی کیفیت سے دوچار کرنے کی سازش ہے،الیکشن کمیشن کی دباﺅ یا تعصب سے پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کی روایت سے قوم آگاہ ہے، الیکشن کمیشن غیر آئینی و غیر قانونی سیاسی انجینئرنگ سے گریز کرے، کسی بھی غیر آئینی اقدام پر قانونی و سیاسی چارہ جوئی کریں گے۔
انتخابی نشان ہتھیانے کی کوشش قوم قبول نہیں کرے گی،پی ٹی آئی



















