چیف سیکرٹری کا ذخیرہ اندوزی ، سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاون تیز کرنےکا حکم

لاہور (اپنے رپورٹرسے ) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاون تیز کرنے کا حکم دے دیا۔سول سیکرٹریٹ میںڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں اشیاءخورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف شہروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں فرق کی بنیادی وجہ سپلائی کی کمی ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے ڈپٹی کمشنرز آپس میں رابطہ کار بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی میں انتظامی افسران کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ چیف سیکرٹری نے اربن یونٹ کو اشیاءکے نرخوں کے موازنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اشیاءضرور یہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے کہا کہ صوبہ بھر میں سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے اورمختلف اضلاع میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی اشیاءبرآمد کی گئی ہیں۔اجلاس میں صنعت، خوراک، زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔