چیچہ وطنی (سلطان مصطفائی، طارق جاوید )سابق جنرل سیکرٹری چیچہ وطنی پریس کلب سلطان مصطفائی نے کہا ہے پاکستان کے عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کےساتھ ہیں اور ان کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں، پاکستانی قوم فلسطینیوں کی ہر طرح سے امداد کیلئے تیار ہے، اسرائیل نے مسجد اقصیٰ پر برسوں سے قبضہ کررکھا ہے اور فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، چھوٹے چھوٹے بچوں اور بوڑھوں و خواتین کو شہید کیا جارہا ہے، فلسطینیوں کی زندگیاں تلخ کردی گئی ہیں، غزہ کا محاصرہ ایک عرصہ سے جاری ہے، ان ابتر حالات میں فلسطینی عوام کا اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا فطری عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا فلسطین کے حملے کے بعد اسرائیل میں ہلچل مچ چکی ہے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے سے اسرائیلی بزدل فوج چھپتی پھر رہی ہے ،فلسطینی مسلمانوں کاتمام تر انحصار اللہ رب العزت پر ہے اور اپنی قوت ایمانی سے وہ اسرائیل جیسے جارحیت پسند ملک سے جا ٹکرائے ہیں جس پرہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت میں تو امریکہ اور اس کے حواری آگئے ہیں لیکن مسلم حکمراں کہاں ہیں عالمی کفر مسلمانوں کی غیرت کو چیلنج کررہا ہے ہمیں اٹھ کھڑے ہونا ہوگا اور اپنے فلسطینی بھائیوں کے ہاتھ مضبوط کرکے انہیں ان کا حق دلانا ہوگا جو اسرائیل غصب کئے ہوئے ہے۔
فلسطینی عوام کا اسرائیل کےخلاف اٹھ کھڑا ہونا فطری عمل ہے:سلطان مصطفائی



















