ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں افتخار احمد) مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے ”لبیک یا اقصیٰ “ ریلی نکالی جسکی قیادت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی صوبائی ناظمہ محترمہ فوزیہ محبوب نے کی ،ریلی مرکز اسلامی برہان مسجد سے شروع ہوکر کینال روڈ پر اختتام پذیر ہوئی ،ریلی میں شریک خواتین اور بچوں نے ”اسرائیل مردہ باد “ ”یہودیوں کا ایک علاج الجہاد ،الجہاد “، ”فلسطینیوں سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ“ اور ”پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ “ کے فلک شگاف نعرے لگائے ،مظاہرین نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی صوبائی ناظمہ فوزیہ محبوب ،جماعت اسلامی کے رہنما میاں شعیب ایڈووکیٹ اورمیاں ارشد جاوید ایڈووکیٹ نے کہا فلسطین مسلمانوں کا قبلہ اول اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ، جابر دشمن اسرائیل فلسطین کے 94فیصد رقبہ پر زبردستی قابض ہے۔
خواتین کی طرف سے قراداد مذمت پیش کرتے ہوئے فوزیہ محبوب نے کہا کہ اگر ہم واقعی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں، تو پھر اسرائیل کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ،فلسطین ہمارے لئے زندگی اور موت کامسئلہ ہے، انبیاءکی سرزمین قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے خلاف جوجہاد شروع کیا ہے، ہم اس کی بھر پور حمایت کرتی ہیں اور اسرائیلی فوج کی غزہ میں نہتے مسلمان پر بمباری سے سینکڑوں مردوخواتین اورمعصوم بچوں کی شہادتوں پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کرتی ہیں، اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے سوال کرتی ہیں کہ انہیں فلسطین میں بے گناہ معصوم لوگوں کا بہتا ہوا خون نظر کیوں نہیں آ تا، اس ظلم و بربریت پر وہ کیوں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں،ہم مسلم دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہیں کہ OIC کا اجلاس بلاکر متفقہ طور پر لائحہ عمل طے کیا جائے ،اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کی جائے، ریاست فلسطین کوآزاد،خودمختار حیثیت میں بحال کیا جائے اور اسرائیل کے ظلم وستم کو رکوانے کیلئے موثر حکمت عملی کے ساتھ کردار ادا کیا جائے۔
دریں اثنا جماعت اسلامی حلقہ خواتین ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیراہتمام مرکز برھان مسجد میں سیرت النبی کانفرنس منعقدہوئی ،جس سے فوزیہ محبوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی کا پیغام اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان میں اسلامی نظام کو غالب کرنے جدوجہد میں اپنا کردار اداکریں، کیونکہ جماعت اسلامی وطن عزیز میں سراج الحق کی قیادت میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کےلئے کوشاں ہے اور خواتین اسلام مبارک باد کی مستحق ہیں جو قرآن و سنت کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کیلئے جماعت اسلامی کے ساتھ جدوجہد میں شامل ہیں، کانفرنس میں نعت اور تقریری مقابلہ میں کامیاب طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ”لبیک یا اقصیٰ “ ریلی



















