کمشنر فیصل آباد نے چائنیز کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کا حکم دیدیا

فیصل آباد(بیورورپورٹ )کمشنر سلوت سعیدنے ڈویژن بھر میں چائینز کی سیکورٹی کےلئے جامع اقدامات کا حکم دیا اور کہا ہے کہ حفاظتی انتظامات کا ہر زاویہ سے جائزہ لے کر انہیں مکمل کریں۔انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرکے ڈویژن میں چائینز سکیورٹی کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ڈویژن میں پراجیکٹس،انڈسٹریز میں کام کرنے والے چائینز کی سکیورٹی کے اقدامات پر بریفنگ لی اورڈپٹی کمشنرز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کی کلیئرنس اور ان کی جدید خطوط پر تربیت کرانے کے ساتھ درکار ایس اوپیز کے مطابق سکیورٹی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور سی پی او کو فیڈمک کا دوبارہ دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کو ازسر نو چیک کرنے کی ہدایت اور باﺅنڈری وال کی تعمیروباقی حفاظتی اقدامات کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرانے کی تاکیدکی۔انہوں نے سی پیک ونان سی پیک منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے تحفظ کے اقدامات بھی یقینی بنانے کی تاکید کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر جھنگ کو بھی چائینز کی سکیورٹی ریویو کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،سی پی او وڈی پی اوز نے سکیورٹی کے جملہ انتظامات سے آگاہ کیا۔