فیصلہ کن موڑ،غلطی کی گنجائش نہیں،نوازشریف معاشی دلدل سے نکالنے کا روڈ میپ دینگے،حمزہ

قصور (مہر حسن حسین)سابق وزیراعلیٰ پنجاب ونائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز نے کہاہے فیصلہ کن موڑ ہے،غلطی کی گنجائش نہیں،نوازشریف 21اکتوبر کو معاشی دلدل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے۔

قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پاکستان کو بنے 75 سال ہوگئے، شاید قوم کی زندگی میں فیصلہ کن موڑ آیا ہے، غلطی کی گنجائش نہیں، صحیح محسن کا انتخاب کرنا ہوگا۔

حمزہ شہباز نے کہا میرے نوجوان بیروزگار ہیں، مہنگے بجلی بل گھروں میں قیامت ڈھا رہے ہیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے خود تو خودکشی نہیں کی عوام کو مجبور کردیا۔

سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہاشہبازشریف آئی ایم ایف سے دوبارہ معاہدہ نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، پٹرول کئی ہزار روپے لٹر ہوتا،ریاست بچا کر سیاست کو داﺅ پر لگایا،فلسطین میں اسرائیل ظلم وبربریت کی داستان رقم کررہا ہے، چھوٹے چھوٹے بچوں کو شہید کردیا گیا، غزہ میں بجلی وگیس بند ہے، کھانے پینے کی اشیا تک رسائی نہیں، پاکستان فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔