لندن،لاہور (مشرق نیوز،اپنے رپورٹر سے) قائد ن لیگ وسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا ، عوام ملکی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سے چیف کوآرڈینیٹرواور سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں برطانیہ و یورپ کے وفد نے ملاقات کی ،ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔
نوازشریف نے بیرسٹر امجد ملک اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا ، عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے اورملکی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
دوسری جانب نوازشریف کی وطن واپسی کا مجوزہ پلان سامنے آ گیا،وطن واپسی سے قبل نواز شریف کا 4ممالک کے دوروں کا امکان ہے ،نوازشریف کل برطانیہ سے سعودی عرب روانہ ہوں گے،سعودی عرب میں ممکنہ طور پر 4 سے 5 روز قیام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف عمرہ ادائیگی کے بعد شاہی خاندان کی اہم ترین شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے،سعودی عرب کے بعد امارات،چین اور قطر بھی جائیں گے۔
عوام ملکی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے،نوازشریف



















