ریاست ڈوب رہی اور سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلارہی ہیں،فضل الرحمن

پشاور (بیورورپورٹ)سربراہ جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے ریاست ڈوب رہی ہے اور سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلارہی ہیں،میرامخالف جیل میں ہواورمیں جلسے کروں تومزہ نہیں،میرے ہاتھ کھلے ہیں تومخالف کے بھی کھلے ہونے چاہئیں۔

سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاسوشل میڈیا کو نوجوان اچھی طرح جانتے ہیں، مریض اگر ڈاکٹر سے رجوع نہیں کرے گا تو مرض بڑھتا جائے گا،پاکستان داخلی مشکلات و بیرونی خطرات سے دوچار ہے، معاملات وقت کےساتھ گھمبیر ہوتے جارہے ہیں، ملک میں اب بھی امریکہ کے وفادار ہیں۔

سربراہ جے یوآئی نے کہانظریاتی جنگ کو لڑا اور جیتا ہے، میرا مخالف قید میںہو اور میں جلسے کرو ں تو مزہ نہیں،چاہتا ہوں سارے سیاستدان جیل سے باہر ہوں،ملک کی وحدت کو بچانے کے کیلئے سب کو اکٹھا کیا، عدم اعتماد سے پہلے کہا تھا معیشت گر گئی ۔

فضل الرحمن نے افغانیوں کو پاکستان سے نکالنے کی پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا وطن عزیز کو بچانے کےلئے بھی سوچیں، افغانستان کےساتھ بھی تلخیاں پیدا ہورہی ہیں، بظاہر کہا جا رہا ہے غیر قانونی رہنے والے ملک سے چلے جائیں، غیرقانونی رہنے والے صرف پشتون تو نہیں ۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کسی مہمان کو لات مار کر نکالو گے تو پاکستان کی تعریف نہیں کرے گا، کہا تھا افغانستان ،پاکستان کے درمیان دوطرفہ کمیشن قائم کیا جائے جو مسائل حل کرے، پولیس افسر گدھ کی طرح افغانیوں پرجھپٹ رہے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں دیکھیں کیا ہو رہا ہے،احتیاط کی ضرورت ہے، اپنی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہئے اگر میرا کوئی ساتھ نہیں دے گا تو تنہا آگے بڑھوں گا،فضل الرحمن نے کہاقبائلی علاقوں میں آئے روزخونی کھیل کھیلا جارہا ہے، جے یوآئی (ف) پرحملے کس کے اشارے پر ہوئے؟ باجوڑحادثہ کیوں پیش آیا؟ مستونگ پر پہلے غفور حیدری اور اب پھر حملہ ہوا، جہاں اتنا زیادہ خون بہے وہاں امن کیسے پیدا ہوگا، پورا ڈھانچہ وقت ہل چکا ،الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، مغربی ممالک کی لابی ریاست کےخلاف کام کر رہی ہے، گلگت بلتستان کے حالات کا کبھی کسی نے سوچا ہے؟ پنجاب میں فرقہ وارایت پھیلادی جاتی ہے۔

فضل الرحمن نے کہاسیاسی نقصان اٹھایا لیکن غلط کو غلط کہا، سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلا رہی ہیں اور ریاست ڈوب رہی ہے، موجودہ حالات میں اگر کوئی بندوق اٹھاتا ہے تودیکھنا ہوگا نتائج کیا ہوں گے، عدم استحکام سے ملک میں سرمایہ کاری بند ہوجائےگی۔