نواز شریف انتقام نہیں ،پاکستان کو دوبارہ ترقی کے سفر پر ڈالنے کیلئے آرہے ہیں،شہبازشریف
لاہور( اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے نواز شریف انتقام نہیں ،پاکستان کو دوبارہ خوشحال اور ترقی کے سفر پر ڈالنے کیلئے آرہے ہیں ، سازش کے ذریعے صرف نواز شریف کو اقتدار سے نہیں بلکہ عوام کو ترقی و خوشحالی سے محروم کیا گیا ،21اکتوبر کو پاکستان کا بیٹا واپس آرہا ہے ، عوام نے بھرپور استقبال کر کے ثابت کرنا ہے نواز شریف کےساتھ ظلم و زیادتی کی گئی ،آئی ایم ایف کےساتھ پچھلی حکومت معاہدہ کے مکر چکی تھی اگر پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو ملک میں ادویات، آٹا، چینی نہ ملتی ،بنکوں کے باہر لمبی قطاریں ہوتیں ،ملکی معیشت تباہ ہو جاتی، سیاست قربان کرکے پاکستان بچانے پر فخرہے۔
مختلف مقامات پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یاد کرو وہ دن جب نواز شریف کے زمانے میں آٹا 35،چینی 52روپے کلو تھی،مہنگائی نام کی کوئی شے نہیں تھی،ملک خوشحال ہونا نواز شریف کا جرم تھا ،قائد ن لیگ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ،عوام کو موٹر ویز دیں، سڑکوں کا جال بچھایا ،عوام کے بچوں کو سکولز ،کالجز ،تعلیمی وظائف دئیے ،2018کے انتخابات میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی ، جھرلو پھیرا گیا ، صرف نواز شریف کو اقتدار سے نہیںآپ کے بچوں کو ترقی و خوشحالی سے محروم کر دیاگیا،پاکستان کا بیٹا 21 اکتوبر کو قوم کے زخموں پر مرحم رکھنے ،ترقی وخوشحالی کاسفر دوبارہ شروع کرنے آرہا ہے۔
شہبازشریف نے کہاآپ نے 21تاریخ کو مینار پاکستان پر تاریخ ساز استقبال کر کے ثابت کرنا ہے نواز شریف تم سے ظلم کیا گیا زیادتی کی گئی مگر پاکستان کے کروڑوں عوام ،کروڑوں ماﺅں کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں،نواز شریف واپس آرہا ہے انتقام لینے نہیں بلکہ پاکستان کےلئے ،ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے ، ترقی کے دور کو چلانے اور بھارت سے پاکستان کو آگے لے جانے کےلئے آرہا ہے ،ظلم و زیادتی پر انتقام نہیں بلکہ یتیموں ،غریبوں کی خدمت کرنی ہے ،نواز شریف کے چھوٹے بھائی کے طور پر وعدہ کر رہا ہوں نواز شریف کےساتھ ملکر ملکی ترقی کےلئے اپنی جان لڑاﺅں گا،جن اداروں نے نواز شریف سے ظلم اور زیادتی کی آپ سب کو اچھی طرح علم ہے ، فیصلہ کرنا ہے اب ا نتقام لینا ہے یا یتیموں و غریبوں کی خدمت کرنی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا21اکتوبر کو قائد، معمار پاکستان، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنےوالا دھرتی کا بیٹا نواز شریف واپس آ رہا ہے ،2013سے لےکر 2018تک ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر بڑی تیزی سے طے ہو رہا تھا ،پی کے ایل آئی گردوں کے امراض کا علاج کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا ہسپتال نواز شریف کی قیادت میں بنایا گیا ،پنجاب بھر میں دانش سکولز بنائے گئے ،ہیپاٹائٹس کا مفت علاج پورے پنجاب میں ہوتا رہا ،تمام ہسپتالوں میں نواز شریف کے دور میں مفت ادویات کا اجرا کیا گیا ،صحت کارڈ کا آغاز بھی نواز شریف کے دور میں ہی ہوا۔
شہبازشریف نے کہالوڈشیڈنگ کی وجہ سے کارخانے بند تھے ،نواز شریف نے سی پیک شروع ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ،نواز شریف کو سازش کے تحت سازشیوں نے اقتدار سے الگ کیا ،پانامہ سے شروع کر کے اقامہ میں سزا دے کر عوام ،بچوں کی ترقی کا سفر روک دیا گیا ،4سال چورڈاکو کہہ کر اور کہلوا کو معاشرے میں زہر گھولا گیا،مجھ پر ،میرے خاندان اور پارٹی سمیت جماعت کے رہنماﺅں پر مقدمات بنا کر جیلوں میں بھجوایا گیا ،مجھ پر چین سے 45فیصد کمیشن کھانے کے الزامات لگائے گئے ،الزامات میں ذرہ بھی سچائی ہوتی تو جیل میں ہوتا ،نواز شریف کا جرم سستا آٹا، سستی چینی، ملک میں ہسپتال، تعلیمی ادارے، میٹرو بس اور پل بنانا ہے اگر یہ جرائم ہیں تو ایسے جرائم ہزاروں بار کرتے رہیں گے۔



















