ووٹرز لسٹیں غیر منجمد ،الیکشن کمیشن کے سہولت ڈیسک چھٹی کے روز بھی فعال

اسلا م آباد(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے ووٹرز لسٹیں 25 اکتوبر تک غیر منجمد کردیں،ووٹوں کا اندراج، اخراج، منتقلی و درستگی 25 اکتوبر تک کرائی جاسکیں گی۔

ای سی پی نے ووٹرز فہرستیں تقریباً ایک ماہ کیلئے غیر منجمد کرتے ہوئے کہا تمام اہل افراد ووٹ کا اندراج، اخراج، منتقلی اور درستگی 25 اکتوبر تک کرا سکتے ہیں۔

دوسری جانب حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کئے گئے سہولت ڈیسک مزید فعال کر دیئے گئے۔

ای سی پی کے مطابق سہولت ڈیسک جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کے باوجود کام جاری رکھیں گے، حلقہ بندیوں پر اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اکتوبر ہے،تمام ڈیسک 27 اکتوبر تک بلاناغہ کام جاری رکھیں گے، الیکشن کمیشن سے نقشہ جات دفتری اوقات میں حاصل کئے جا سکتے ہیں۔