پاکستان کاڈنمارک،ناروے،امارات،ایران کےساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک (خواجہ فاروق)نگران وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی کی اہم ملاقاتیں،پاکستان نے ڈنمارک،ناروے،امارات،ایران کےساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔

جلیل عباس جیلانی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن سے ملے،پاکستانی مشن کے مطابق ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی ،تجارت کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

نارویجن ہم منصب اینیکن ہیٹ فیلڈ سے ملاقات میںباہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے 75 سالہ دوستی کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

جلیل عباس جیلانی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ اورمختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خا رجہ ایرانی سفیر سے بھی ملے،انسانی حقوق کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،نگراں وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کو پاکستان میں انسانی حقوق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا پاکستان کے تمام شہری بابائے قوم کے ویژن و آئین کے مطابق مذہبی، سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر مکمل آزاد ہیں، ملک میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کےلئے فعال عدالتی نظام موجود ہے، پاکستانی شہری ملک کے کسی بھی کونے سے انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے کےلئے وزارت انسانی حقوق کے ٹول فری نمبر پر شکایات درج کرسکتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہاپاکستان اور ایران کا رشتہ کافی پرانا ہے،دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا،پڑوسی ملک بھارت میں کشمیریوں و دوسری اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جاتاہے جس پر بین الاقوامی میڈیا کی خاموشی قابل تشویش ہے، ایرانی سفیر نے کہا پاکستان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔