پرویزالٰہی گرفتاری کیس،آئی جی اسلام آبادکو گرفتار کرکے پیش کرنے کاحکم

لاہور،اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر)پرویزالٰہی گرفتاری کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

رہائی حکم کے باوجود پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر پولیس افسروں کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی،آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری کے باوجود پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

عدالت نے پولیس افسروں کے جواب غیرتسلی بخش قرار دےکر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشن اور ایس پی سکیورٹی کو فرد جرم کےلئے 2 اکتوبر کو طلب کرلیا،جسٹس مرزا وقاص روف نے ریمارکس دئیے عدالت کا واضح حکم تھا پرویز الٰہی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے،پھر کیوں گرفتار کیا گیا؟ ۔

سرکاری وکیل نے کہا اسلام آباد پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا،عدالت نے کہا ایک ایس پی آیا اور کہا عدالتی احکامات کو ایک طرف رکھو، ایس پی اسلام آباد کے آگے پولیس افسر بے بس ہوگئے، پنجاب پولیس اسلام آباد پولیس کے آگے بے یارو مددگار تھی۔

جسٹس مرزا وقاص روف نے کہا یہ اسلام آباد پولیس کوئی سپیرئیر پولیس تھی ؟ کیا کوئی رول آف لا ہے؟ اس لیے پولیس پرعوام کواعتماد نہیں رہا اگر پولیس افسر پریشربرداشت نہیں کرسکتے تو وردی اتار کر کوئی اور کام کریں،کب تک قربانی کا بکرا بنتے رہیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ ایس پی اسلام آباد کو آئی جی کو پیش نہ کرنے پر شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا اور حکم دیا آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کرکے عدالت پیش کریں۔

دوسری جانب راہداری ریمانڈ ختم ہونے پر پرویز الٰہی کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچایا گیا ،سماعت پرویزالٰہی روسٹرم پر آگئے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پوچھا پرویزالٰہی کی کب جان چھوٹے گی؟ وکیل صفائی نے کہا کبھی کسی شہر اور کبھی کسی شہرچکر لگوا رہے ہیں،پرویز الٰہی نے کہامجھے اسلام آباد سے واپس لاہور لے گئے، جج نے ریمارکس دئیے آپ لوگوں نے بھی مچلکے جمع نہیں کرائے۔

وکیل صفائی نے کہا ضمانتی مچلکے جمع کرانے تھے، صدر پی ٹی آئی نے کہامیری فیملی سے ملاقات بھی نہیں کرائی گئی، فیملی سے ملاقات کا مناسب آرڈر دےدیں،جج نے کہا جیل والے بھی آپ کی فیملی ہیں، وکیل صفائی نے استفسار کیا میرے مو¿کل پر کون سا مقدمہ ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا پرویز الٰہی پر جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑ کا مقدمہ ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔