لاہور(علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ کا تاریخی بدعنوانی کا سکینڈل منظر عام پر آگیا ہے جس میں اربوں مالیت کی زرعی اراضی دھوکہ دہی کے تحت نجی تعمیرات کیلئے دینے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ زرعی اراضی پر تعمیرات کا اختیار بورڈ سے لیکر وفاقی حکومت تک کسی کے پاس نہیں ہے اور اس حوالے سے مشرق نے وفاقی سیکرٹری مذہبی و اقلیتی امور آفتاب اکبر خان درانی اور قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان سے موقف لینے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا لیکن ان سے بات نہ ہو سکی۔ ڈپٹی سیکرٹری پراپرٹی متروکہ وقف املاک عبدللہ اویس سے اس پر بات کی گئی تو انہوں نے کہا تمام معاملات قانونی دائرہ کار میں طے پا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگودھا چک (78) شمالی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام ہندو و سکھ رقبہ موجود ہے اور محکمہ اس پاکستان کے قانون کے مطابق اس پراپرٹی کا امین قرار دیا گیا ہے اور اوّل کہ اس پراپرٹی کو فروخت نہیں کیا جا سکتا، دوئم زرعی اراضی پر کوئی بھی پختہ تعمیر نہیں کی جا سکتی ہے جبکہ یہاں کچھ ایسا ہوا کہ ایک سابق چیئرمین صدیق الفاروق نے اپنے دور میں یہاں 51 کنال زرعی رقبہ میں سے 22 کنال پر 21 پلاٹوں جی تعمیر کی اجازت دی جس میں 17 رہائشی اور 4 کمرشل پلاٹ ترتیب دیئے گئے تھے جس کا اخبار اشتہار بھی دیا گیا تھا اور بعدازاں نقشہ جات بھی بنائے گئے کیونکہ زرعی اراضی پر پختہ تعمیر کی اجازت نہیں ہو سکتی تو مذکورہ معاملہ قانونی چارہ جوئی کی نذر ہو گیا تھا اور بعدازاں آنیوالے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے بھی اسے غیر آئینی قرار دیا تھا جبکہ نہایت حیران کن بددیانتی کا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب کچھ عرصہ قبل مستعفی ہونے والے چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی نے کرپشن کا چھکا مارا اور اسی زرعی رقبہ کو ایک بورڈ میٹنگ میں اچانک خودساختہ طور پر 22 کنال سے 51 کنال کا منظور کروا لیا گیا جبکہ قانونی طور پر ایسا کسی صورت ممکن ہی نہیں ہو سکتا، ایک جانب اس کا اخبار اشتہار نہیں دیا گیا، دوسری جانب بورڈ ممبران اسے قانونی طور پر پاس کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں، تیسرا اس زرعی رقبہ کا نقشہ یکسر خودساختہ تبدیل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 کنال سے 51 کنال کرنے میں اربوں مالیت کا ناجائز لین دین کیا گیا ہے اور قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان کو بھی حال ہی تعینات سٹاف نے مس گائیڈ کرتے ہوئے اس معاملہ کی منظوری لینے کی کوشش کی ہے۔
متروکہ وقف املاک، اربوں کی زرعی زمین نجی تعمیرات کیلئے فراڈ سے دینے کا انکشاف



















