مفت بجلی کی سہولت ختم،صارفین کیلئے ریلیف 300یونٹ تک کیاجائے،خواجہ آصف

سیالکوٹ (بیورورپورٹ)اپنے دور حکومت میں عوام پر بجلی بم گرانے والے سابق وزیر دفاع ولیگی رہنما خواجہ آصف بھی زائد بلز کیخلاف بول پڑے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے تجاویز دیتے ہوئے کہا بجلی صارفین کیلئے ریلیف کی حد 200 سے بڑھا کر 300 یونٹ کی جائے،معاملے پر آئی ایم ایف سے رابطہ کرنا چاہیے۔

سابق وزیر دفاع نے کہاکسی ایک ماہ میں 200 یونٹ سے تجاوز کر جائیں توسارے سال کی رعایت ختم ہوجاتی ہے، رعایت ماہانہ بنیادوں پر ہونی چاہیے،آزاد کشمیر، فاٹا ،بلوچستان سے 200 ارب سے زائد بجلی کی قیمت ریکور نہیں ہوتی، ملک میں 650 ارب سے زائد بجلی چوری ہوتی ہے، بڑے شہروں، مارکیٹوں میں 70 سے 80 فیصد بجلی چوری کابوجھ عام صارف پر پڑتا ہے، 17 گریڈ سے اوپر تمام حکومتی اداروں میں مفت بجلی کی رعایت ختم ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا وفاقی حکومت 900 ارب سے زائد سبسڈی چوری، کم ادائیگی اور لائن لاسز کو کور کرنے کیلئے پاور سیکٹرکو ادا کرتی ہے یہی رقم عام صارف کو سستی بجلی مہیا کرنے کیلئے استعمال ہو سکتی ہے۔