چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی استدعا مسترد،5مقدمات میں طلبی نوٹس

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی استدعا مسترد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 24اگست کو دلائل طلب کرلیے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میںاپیل اور سزا معطلی سمیت جیل میں سہولیات فراہمی کی متفرق درخواست پر سماعت کی،وکیل شیر افضل مروت نے کہا اٹک جیل انتظامیہ نے ملاقات نہیں کرائی۔

وکیل بابر اعوان نے کہا قانون کے مطابق تو ملاقات کی کوئی پابندی نہیں، عدالتی حکم نامے پر عمل نہیں ہوا،وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ایڈیشنل سیشن جج اٹک نے جیل میں دیکھا کیسے سابق وزیر اعظم کو رکھا گیا ہے، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، سی سی ٹی سی کیمروں سے پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا جارہا ، عدالت سزا معطلی کی درخواست جلد سن کر فیصلہ کرے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے ٹرائل کورٹ کا مصدقہ ریکارڈ موجود نہ ہونے کا موقف اپناتے ہوئے تیاری کےلئے 2ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات میں کوئی ممانعت نہیں ،گزشتہ سماعت پر جیل رولز بھی دیکھے ،کچھ وقت الیکشن کمیشن کو دے دیتے ہیں لیکن 2 ہفتے نہیں دیں گے،لطیف کھوسہ نے مخالفت کرتے ہوئے کہا سراسر زیادتی ہو گی، چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا صرف 3سال ہے، جیل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، سزا غیرقانونی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سزا معطلی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دریں اثنااسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج5مقدمات میں مختلف تاریخوں پر طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے،دوران سماعت وکیل صفائی نے بتایا چیئرمین پی ٹی آئی کو روزانہ جیل سے عدالت لانا آسان نہیں۔

جج ابوالحسنات نے کہا مجھے معلوم ہے روز جیل سے لانا مناسب بھی نہیں، کیسز میں شریک ملزموں کی بھی حاضری مارک ہونی ہے،وکیل صفائی نے استدعا کی پانچوں مقدمات کی مختلف تاریخیں رکھنے کی بجائے ایک تاریخ رکھ لیں،چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری بغیر کسی مشکلات کے لگا دی جائے، سکیورٹی مسائل بھی ہیں،جج ابوالحسنات نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن ہی آنا ہے، کون سی مشکل بات ہے، شریک ملزموں کی تعداد زیادہ ہے، حاضری الگ الگ لگانا مشکل ہو جائے گا، طلبی کا معاملہ ہو گا تو پھر تمام کیسز یکجا کر دیں گے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا،عدالت نے الیکشن کمیشن کی جاری توہین عدالت کارروائی کی درخواست چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے فل بنچ کے روبرو لگانے کی سفارش کردی۔

جسٹس وحید خان نے ریمارکس دیئے الیکشن کمیشن کیس میں اپنی کارروائی جاری رکھے،سپریم کورٹ کے فیصلے تک الیکشن کمیشن توہین عدالت کیس کا حتمی فیصلہ نہیں کرے گا،عدالت نے درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور ریمارکس دیئے 2ملزموں میں سے ایک کو شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں، شریک ملزم کی معذرت قبول کرکے معافی دے رہے ہیں،عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا یہ تو امتیازی سلوک واضح نظر آرہا ہے۔