توشہ خانہ کیس،چیئرمینPTIکی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر، بنچ تشکیل

اسلام آباد،اٹک(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کرکے بنچ تشکیل دےدیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ 23اگست کو سماعت کرے گا،جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس جمال مندوخیل بھی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کےساتھ جیل میں ناروا سلوک کا ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک کی رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا،رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اٹک شفقت خان نے 15 اگست کو اٹک جیل کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شفقت خان نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کے عین باہر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے، ٹوائلٹ کی دیوار محض اڑھائی سے 3فٹ اونچی ہے،رپورٹ کے مطابق 5 سے 6 فٹ کی بلندی پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی وجہ سے ٹوائلٹ کے استعمال کی پرائیویسی میسر نہیں،سابق وزیراعظم کو دوران غسل بھی کوئی پرائیویسی میسر نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی شکایات مکمل طور پر درست ہیں۔

جج شفقت خان نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو موجودہ حالت میں رکھنا پاکستان پرژن رولز 257 اور 771 کی صریح خلاف ورزی ہے، وکلا،اہلیہ کی چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی میں بھی مشکلات ہیں،ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے کہا جیل حکام نے درپیش شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔