باہمی اتحاد، برداشت ،رواداری کے روئیوں کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی اپیل پرصوبے کے تمام اضلاع میں جمعتہ المبارک یوم امن کے طور پر منایا گیا اور تمام مکتبہ ہائے فکر کے علما ءکرام نے نماز جمعہ کے خطبات میں قومی یکجہتی، امن، اتحاد اور بھائی چارے کا پرچار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے باہمی اتحاد، برداشت اور رواداری کے رویوں کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے،مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتیں ہمارے معاشرے کا حسن ہیں، جن کی جان و مال کا تحفظ ہمارا مذہبی و آئینی فریضہ ہے۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ علماءکرام اور امن کمیٹی کے اراکین اقلیتی شہریوں کے تحفظ کیلئے مزید موثر کردار طور ادا کریں تاکہ شرپسند عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں پولیس فورس کو ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تمام اضلاع میں پولیس افسران و اہلکار بھرپور محنت، تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں اور تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کی ویلفیئر کیلئے ایک اور احسن اقدام کیا ہے جس کے تحت جونیئر رینک افسران کو پروموشن پر مقامی اضلاع سے دور پوسٹنگ سے چھٹکارا مل جائےگا۔ آئی جی پنجاب نے ایلیٹ، انوسٹی گیشن، ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سالانہ بنیادوں پرہونے والے ٹرانسفر کوٹے کو ریوائز کر دیا جس کے مطابق ایلیٹ، انوسٹی گیشن، ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ میں نفری کی کمی کو متعلقہ اضلاع سے پورا کیا جائےگا، آئی جی پنجاب کے اس خصوصی اقدام سے پروموشن کے بعد مقامی اضلاع سے دور ٹرانسفر ہونے والے 550 سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز مستفید ہوں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انوسٹی گیشن اور ایلیٹ میں نفری صرف لاہور سے بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ان دو یونٹس کی نفری لاہور سے پوری کی جائے گی کیونکہ ان یونٹس کے سٹیشن ہیڈ کوارٹرزصرف لاہور میں ہیں، اسی طرح آئی جی پنجاب نے ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کی نفری صرف ان 5 ریجنز سے پوری کرنے کا حکم دیا جہاں ٹریننگ اسٹیشنز موجود ہیں اور دیگر اضلاع سے کوئی ٹرانسفر نہیں کیا جائےگا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس اقدام سے ہر سال تقریبا 550 جونیئر رینک افسران بشمول 200 سب انسپکٹرز اور 350 اے ایس آئیز کو فائدہ حاصل ہو گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ جونیئر رینک افسران کو پروموشن کے بعد اپنے متعلقہ ریجن کے یونٹ میں پوسٹنگ مل جائے گی، قبل ازیں مذکورہ بالا یونٹس میں تبادلہ ہونے والے افسران کو اپنے ہوم ٹاو¿ن سے دور پوسٹنگ پر جانا پڑتا تھا اور افسران اپنا تبادلہ منسوخ یا یونٹ تبدیل کروانے کیلئے مختلف ذرائع استعمال کرتے تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہاکہ جونیئر رینک افسران کی اس تکلیف کے ازالے کیلئے مذکورہ بالا یونٹس کے شیئرنگ کوٹا کو ریوائز کیا گیا ہے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید خان نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر کے متعلقہ سپروائزری افسران کو بھجوا دیا ہے۔