ایک ہزار سال تک بھی جیل میں رہنے کو تیار ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد،اٹک(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی نے کہاہے ایک ہزار سال تک بھی جیل میں رہنے کو تیار ہوں۔

سابق وزیراعظم سے اٹک جیل میں ملاقات کے بعد قانونی ٹیم کے رکن عمیر نیازی ایڈوکیٹ نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی طبیعت ٹھیک مگر داڑھی بڑھی ہوئی ہے ،انتظامیہ نے شیشہ اور شیو بنانے کا سامان مہیا کردیا،صرف مجھے ملاقات کی اجازت ملی ، جیلر کے روئیے کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے کیونکہ عدالت سے اجازت ملنے کے باوجود حکم پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔

عمیر نیازی ایڈووکیٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہامجھے سہولیات نہ ملنے کی کوئی پرواہ نہیں، ایک ہزار سال تک بھی جیل میں رکھا جائے تو کوئی بات نہیں بلکہ میں تیار ہوں کیونکہ آزادی کیلئے قربانی دینا پڑتی ہے۔

علاوہ ازیںسابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی نے متعدد مقدمات میں گرفتاری روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

وکلا نے مختلف مقدمات میں ضمانت درخواستیں مسترد ہونے کیخلاف درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف ملک بھر میں 180 سے زائد بے بنیاد، جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ،سابق وزیراعظم کو مخالفین کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔

درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی پنجاب، بلوچستان ،سپریٹنڈنٹ جیل اٹک ،نیب، ایف آئی اے، انسداد دہشتگردی عدالت لاہور و اسلام آباد کو فریق بنایا گیا، وکلا نے آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر درخواست میںچیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر مقدمات میں گرفتاری روکنے کی استدعا کردی۔

دوسری جانب چیف جسٹس اسلا م آباد ہائیکورٹ عامرفاروق کی عدم موجودگی کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست پر سماعت موخر ہوگئی،مزید برآں نیب ترامیم کیس چیئرمین پی ٹی آئی نے تحریری معروضات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں۔

تحریری جواب میں کہا گیا درخواست گزار کا ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کرنا قیاس آرائی پر مبنی نہیں، نیب ترمیمی ایکٹ کے نفاذ سے پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف تمام زیر التوا ریفرنسز، تحقیقات اور انکوائریاں ختم یا غیر معینہ مدت کےلئے رک جائیں گی،نیب ترامیم عوامی زندگی، آزادی، وقار، مساوات اور جائیداد کے بنیادی حق کےخلاف ہے، نیب ترامیم عوام کے بنیادی حقوق کی براہ راست خلاف ورزی کے مترادف ہیں، 90 فیصد سے زائد پبلک آفس ہولڈرز کیخلاف انکوائریاں ختم یا واپس ہو چکی ہیں۔