ساہیوال (بےورو رپورٹ) پسپ پروگرام کے تحت متاثرہ کسانوں کے بچوں کو چائنیز لینگویج کورس کرانے کی تکمیل، کورس ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کےلئے زمین فراہم کرنیوالے کسانوں کے بچوں کو کرایا گیا، ساڑھے 4 ماہ کے کورس میں 27بچوں نے حصہ لیا، اسناد تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب پسپ آفس میں منعقد ہوئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، سٹی منیجر پسپ اسجد خان، حمزہ چوہان اور قمرالزمان بودلہ نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کامیابی سے کورس مکمل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ایک نئی زبان سیکھ کر بہتر روزگار حاصل کر سکیں گے۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ اس سے پہلے ان کسانوں کی 12لڑکیوں کو صنعت زار میں سلائی کڑھائی کی تربیت بھی دی گئی جس کے اختتام پر انہیں سلائی مشینیں بھی فراہم کی گئیں جبکہ 15افراد کو پولیس لائنز میں ڈرائیونگ کورس بھی کرایا گیا تاکہ یہ بچے ہنرسیکھ کر خود روزگار حاصل کر سکیں۔
امید ہے چینی زبان سیکھنے والے بچے بہتر روزگار حاصل کرسکیں گے :کمشنر ساہیوال



















