پنجاب پولیس ایک فیملی ، ریٹائر افسران و اہلکار ہمیشہ ہمارا حصہ رہیں گے :آئی جی
لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پیز کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر ریٹائرڈ افسران کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پیز سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے، ریٹائرڈ افسران و اہلکار ہمیشہ ہمارا حصہ رہیں گے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس انصاف کی فراہمی اور انتظامی امور کی بہتری کیلئے ریٹائرڈ افسران کے تجربات اور تجاویز سے استفادہ کرتی رہے گی۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور پولیس کے محنتی، قابل اور فرض شناس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 50ملازمین کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا، انعامات حاصل کرنے والوں میں انسپکٹر عامر اقبال،قمر ساجد، اعجاز رسول، زاہد سلیم اور محمد رضا سمیت سی سی پی او آفس، انویسٹی گیشن، آپریشنز اور سی آئی اے میں تعینات افسران و اہلکار شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنیوالے لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کو منشیات کے قلع قمع کا عمل مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات کے قلع قمع کیلئے روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں جواب دہ بھی ہے، پولیس سے متعلق کسی بھی شکایت یا انصاف کی فراہمی میں تاخیر پر شہری 1787 کمپلینٹ سنٹر پر کال کرکے فوری اپنا مسئلہ بیان کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصولہ شکایات اور ازالے کے عمل کی خود مانیٹرنگ کرتا ہوں اور موصولہ تمام درخواستوں پر ٹائم لائن کے اندر کاروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے،پنجاب پولیس نے حالیہ چند ماہ میں گزشتہ برسوں کے زیر التوا سمیت 70 ہزار مقدمات درج کیے ہیں یوں اندراج مقدمہ کی تمام زیر التوا درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں،ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اگرکہیں پرچہ درج نہ کرنے کا واقعہ سامنے آیا تو ذمہ داران کو قطعی کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فورس اور شہریوں کے نام 1787کمپلینٹ سنٹر کی ورکنگ اور پولیس احتساب بارے خصوصی پیغام میں کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اختیارات سے تجاوز، بے گناہ افراد کی گرفتاری، رشوت ستانی، ملزمان کو فائدہ پہنچانا، پولیس ملازم کا جرائم میں ملوث ہونا جیسے مسائل کے ازالے کیلئے محکمہ میں اندرونی احتساب کو تیز کیا گیا ہے،منشیات فروشوں کی سرپرستی، عوام سے غیر مناسب رویہ، خدمات کی فراہمی سے انکار یا تاخیر، انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنا جیسے مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس میں اندرونی احتساب پر دی جانے والی سزاو¿ں کی شرح دیگر تمام محکموں سے کہیں زیادہ ہے، آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ 1787 پر موصولہ شکایت کی شفاف انکوائری کے بعد پولیس ملازم غلط ثابت ہوا تو اسے جواب دینا ہوگا،تفتیشی افسران کا دوران تفتیش گناہ گار کو گرفتار نہ کرنا ڈی پی اوز، آر پی اوز سمیت ہم سب کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہو گا، آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ تمام ویلفیئر اور پروموشنز کے بعد اب عوام کو ڈلیور کرنے کا وقت شروع ہو چکا ہے، شہریوں کی ریکوری تفتیشی افسران کا کام ہے،سنٹرل پولیس آفس اس حوالے سے مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ یقینی بنا رہا ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیر ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا احتساب ڈسپلن میٹرکس کے مطابق کیا جائےگا، انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنانے کےلئے شہری پولیس کو دانستہ غلط معلومات یا جھوٹی گواہی ہرگز نہ دیں۔



















