ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا میونسپل کارپوریشن کے تمام افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی کرنے کی ہدایت کردی گئی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ملازمین اپنی سیٹوں پر موجود رہیں،فیلڈ ڈیوٹی کرنے والے افسران بھی عوام سے ملاقات کےلئے ٹائم مختص کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کارپوریشن کے دفاتر میں افسران اور ملازمین کی غیر حاضری کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کی دفتری اوقات میں اپنے اپنے دفاتر میں موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے مسلسل غیر حاضری پر میونسپل آفیسر پلاننگ سے تحریری وضاحت بھی طلب کر لی۔ پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ گھروں تک پانی کے کنکشن فراہم کرنے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک 30179گھروں تک کنکشن فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ صرف ایک دن منگل 15 اگست کو 110کنکشن لگائے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مڈھالی روڈ پر42انچ قطر کا سیوریج پائپ ڈالنے پر بھی کام جاری ہے اور 57 فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایک دن 15اگست کو11پائپ ڈالے گئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ کے کام پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے جلد ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کھلنے کے بعد سڑک پر ٹریفک میں اضافہ ہوگا اس لئے ساتھ ساتھ ہی سینڈ فلنگ بھی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے سامنے ریڑھیوں اور رکشوں کی بے ہنگم پارکنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تجاوزات کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
عوامی مسائل کے حل کیلئے سرکاری ملازمین اپنے دفاتر میں موجود رہیں :کمشنر ساہیوال



















