عدالت چیئرمین PTI کے بنیادی حقوق کی بے رحمانہ پامالی کا نوٹس لے، کور کمیٹی

لاہور( خبر نگار)تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے عدالت عظمیٰ قومی ہیرو، سابق منتخب وزیراعظم اورملک کی سب سے بڑی جماعت کے چیئرمین کے بنیادی حقوق کی بے رحمانہ پامالی کا نوٹس لے، پی ٹی آئی چیئرمین کو قانون کے تحت میسر حقوق، معالج و وکلا تک رسائی یقینی اور تمام قانونی حقوق فراہم کئے جائیں ۔

پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے کور کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا چیئرمین تحریک انصاف کو متنازع عدالتی فیصلے کے نتیجے میں جیل میں ڈالنے کے بعد بدترین قیدتنہائی میں رکھنا قابل مذمت ہے ،معالج کو اب تک رسائی نہیں دی گئی ،وکلا ،اہلخانہ کی ملاقاتوں میں بے جا رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے قانون و حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، متنازع ترین ٹرائل میں سزا سے لے کر جیل میں قید تنہائی میں ڈالنے تک سفاکیت کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کی روشنی میں نہایت بنیادی سہولیات سے محروم کرکے حوصلے کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، کسی فرد بشمول جیل کے عملے کو بھی سیل کے آس پاس آنے یا بات کرنے کی اجازت نہیں، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چلانے کے بعد درخواست ضمانت پر سماعت میں بلاجواز تاخیر ظلم و جبر کی بدترین مثال ہے، مطالبہ ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو قانون کے تحت میسر حقوق، معالج و وکلا تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔