شہر کے ماسٹر پلان کی تباہی،ذمہ داروں کی خدمات کی واپسی کیلئے مراسلہ جاری

لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات کے باعث ماسٹر پلان کی تباہی کے ذمہ داروں کی خدمات واپس کرنے کیلئے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ جاری، بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے پلاننگ کے کرپٹ اور نااہل افسروں و ماتحتوں کے گرد شکنجہ ٹائٹ کرنے کے عزم کے تحت پہلے مرحلے میں 7 بلڈنگ انسپکٹرز اور دو خاتون زونل افسروں کو لاہور سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف کارپوریشن آفیسر علی عباس بخاری نے کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ زونل آفیسر پلاننگ علامہ اقبال اور نشتر سمیرا چوہان، زونل آفیسر پلاننگ ارم الطاف، واہگہ زون کے دو بلڈنگ انسپکٹر علی شاہد اور ارسلان جمیل، نشتر زون کے طارق سعید اور عصمت اللہ، شالیمار کے احسن رضا، سمن آباد کے علی رضااور عزیز بھٹی زون کے یٰسین کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی خدمات سیکرٹری کو واپس بھجوانے کےلئے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سمیرا چوہان، طارق سعید اور عصمت اللہ کے خلاف کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر محکمہ بلدیات نے 31 جولائی کو پیڈا کے تحت انکوائری کا آغاز کیا تھا مگر انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں جا سکا تھا جسکی وجہ سے مذکورہ انکوائری پر اثر انداز ہونے اور ریکارڈ میں ردو بدل کے خدشات کے پیش نظر چیف آفیسر علی عباس نے کمشنر لاہور کو معاملے کی حساس نوعیت بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پیڈا کے حامل مذکورہ بالا ملزمان کے ساتھ ساتھ باغوں کے شہر کی تباہی کے دیگر ذمہ داروں کو بھی لاہور سے واپس بھجوایا جانا ازحد ضروری ہے جس کے تناظر میں مراسلہ سیکرٹری بلدیات کو بھجوا یا گیا ہے، اگرچہ چار پلاننگ افسروں کو نئی ذمہ داریاں سونپنے کی بھی سفارش کر دی گئی ہے، جس کے تحت سیدہ قرة العین راوی زون سے واہگہ، طاہر محمود کو شالیمار سے نشتر زون، سلیم جہانگیر کو زونل آفیسر راوی، نرگس زاہد کی راوی زون سے سمن آباد میں ممکنہ تعیناتی عمل میں لائی جاسکے گی۔