لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے احسن اقدام جاری ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ویلفیئر ہسپتال قلعہ گجر سنگھ کو ملازمین کی سہولت کیلئے مکمل فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ویلفیئر ہسپتال قلعہ گجر سنگھ کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت فعال کر دیا گیا ہے جس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو میو ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے علاج معالجے کی جدید سہولیات دستیاب ہیں، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ پولیس ویلفیئر ہسپتال میں مریضوں کے علاج و راہنمائی کیلئے سینئر پروفیسرز اورماہر کنسلٹنٹس روزانہ کی بنیاد پرموجود ہونگے،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو ہسپتال نے ماہ اگست اور ستمبر کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیاہے۔ علاوہ ازیں سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز نے مختلف اضلاع میں فیلڈ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اورآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، ڈاکٹر عثمان انور نے سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز سے فیلڈ اٹیچمنٹ میں حاصل تجربات و مشاہدات بارے دریافت کیا جبکہ سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز نے آئی جی پنجاب کو اضلاع سے حاصل ہونے والے فیلڈ تجربات بارے پریزنٹیشن پیش کیں۔ سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز کا پنجاب پولیس کی یونیفارم سے محبت کا اظہار، دوران تربیت پنجاب پولیس کی یونیفارم پہنیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جنرل پولیسنگ کا فیلڈ تجربہ حاصل کیا اور مختلف اضلاع میں شہری و دیہی پولیسنگ کے طریقہ کار، چیلنجز اور کرائم فائٹنگ بارے عملی تربیت حاصل کی۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات سمیت تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے سکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنائیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ علماءکرام مشائخ عظام،، کمیونٹی لیڈرز،اراکین امن کمیٹیز، اداروں کے تعاون اور مشاورت سے امن کا قیام یقینی بنا رہے ہیں، تمام مسالک کے مذہبی پروگراموں کو آئندہ بھی بہترین سکیورٹی فراہم کرتے رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام مسالک کے علما ،امن کمیٹیوں، مذہبی سکالر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے بھرپور تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں،چہلم حضرت امام حسین ؓ اور حضرت عثمان علی ہجویریؒکے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی قیادت میں متحدہ علما بورڈ پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
تمام مذہبی مقامات کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے: آئی جی پنجاب



















