چیئرمین PTIکی سزا کےخلاف اپیل اور اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کےخلاف اپیل اور اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سزا کےخلاف اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی،اپیل میں استدعا کی گئی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے،سزا کالعدم قراردےکر سابق وزیراعظم کی رہائی کاحکم دیا جائے۔

ہائیکورٹ نے اپیل بدھ کو سماعت کےلئے مقرر کردی ،چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پرمشتمل بنچ سماعت کرے گا،رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہونے کے بعد اپیل کو 273نمبر الاٹ کردیا گیا۔

علاوہ ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردئیے۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس پرسماعت کی ،پٹیشنر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا اور کہا جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں،چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا جو بھی قانون قاعدہ ہو بتا دیجیے گا اس کے مطابق آرڈر کردیں گے، ایک چیز ذہن میں رکھیں، جیلوں کے رولزمیں جوسہولت ہے وہی آرڈر کریں گے،درخواست پر سماعت بدھ کو ہوگی۔